مختلف ممالک سے عاشورہ محرم کی جھلکیاں

29

اسلام آباد، 18اگست  (اے پی پی ): حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف ممالک میں عاشورہ  منایا جاتا ہے۔ عاشورہ کا سب سے بڑا اجتماع  عراق میں   کربلا میں ہوتا ہے، جہاں لاکھوں افراد عزاداری کے لیے پہنچتے ہیں۔عراق میں عاشورہ کے دنوں میں معرکہ کربلا کو تمثیلی انداز میں پیش کرنے کی روایت بھی پائی جاتی ہے۔

ایران میں   سب سے بڑا اجتماع دارالحکومت تہران میں ہوتا ہے،تمام شہروں میں عاشورہ کے جلوس نکالے جاتے ہیں۔پاکستان  میں  بھی حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی شہادت کی یاد میں ماتمی جلوس نکالے جاتے ہیں جن میں خواتین بھی شرکت کرتی ہیں، جلوسوں میں ماتم کے علاوہ زنجیر زنی بھی کی جاتی ہے اورکئی شہریوں میں تعزیہ کے جلوس نکالے جاتے ہیں اور تعزیہ کی تیاری میں بہت محنت کی جاتی ہے۔

بھارت میں  مختلف شہروں میں روایتی جلوس نکالے جاتے ہیں جن میں تعزیے اور ماتمی دستے شامل ہوتے ہیں۔ مغربی ریاست راجستھان کے علاقے سنبھار میں سرسوں کا تعزیہ برسوں سے ہندو مسلم ہم آہنگی کی علامت ہےجو ایک ہندو خاندان نکالتا ہے۔

شام میں   یوم عاشور کے موقع پر روایتی انداز میں جلوس نکالے جاتے ہیں جبکہ ترکی کے دارلحکومت استنبول میں عاشورہ کی تقریبات انتہائی منفرد انداز میں منعقد کی جاتی ہیں، کربلا کے تمام واقعے کی منظر کشی کی جاتی ہے اور عاشورہ پر ایک خصوصی سویٹ ڈش ایشورے (ترکی میٹھا) تقسیم کی جاتی ہے۔ اس ڈش میں اناج، پھل، خشک پھل اور گری دار میوے شامل ہوتے ہیں۔ایشورے ان ترکی میٹھوں میں سے ایک ہے جس میں کسی جانور کی مصنوعات شامل نہیں ہیں، خصوصی طور پر دس محرم کو یہ میٹھا بڑی مقدار میں تیار کیا جاتا ہے اور دوستوں، رشتہ داروں، پڑوسیوں میں محبت اور امن کے پیغام کے طور پر تقسیم کیا جاتا ہے۔

نائجیریا میں عاشورہ کے موقع پر سخت سکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے جاتے ہیں جبکہ برطانیہ، امریکا، افریقی اور یورپی ممالک میں بھی شہدائے کربلا کی قربانیوں کی یاد میں اجتماعات اور مجالس منعقد کی جاتی ہیں۔