لاہور،19 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سول سیکریٹریٹ میں محکمہ داخلہ کے زیر اہتمام قائم کردہ مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور مختلف حصے دیکھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مرکزی کنٹرول روم سے صوبہ بھر میں عاشورہ جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مرکزی کنٹرول روم میں کیے گئے مانیٹرنگ کے انتظامات کا تفصیلی مشاہدہ کیا اور پنجاب بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اورجلوسوں کی جیوٹیگنگ کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کاگفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات میں معاونت کیلئے پاک فوج اور رینجرز کو طلب کیا گیا ہے اور مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جا رہی ہے مزید یہ کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں جلوسوں اور مجالس کے اختتام پذیر ہونے تک سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے، قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کارلائی جائیں صوبے بھر میں 4لاکھ 10 ہزار سے زائدپولیس اہلکار اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور کہا کہ مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزراء کو بھی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ مرکز ی کنٹرو ل روم میں سی سی ٹی وی کوریج، ڈیش بورڈ اور میڈیا کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں مرکزی کنٹرول روم کو ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے ساتھ لنک کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دورے کے موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن، سپیشل سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔