یوم عاشورہ؛ سکھر میں 44 چھوٹے بڑے جلوسوں سمیت 77 مجالس منعقد کی جائیں گی

24

سکھر،19اگست(اے پی پی):یوم کے عاشورہ کے دن ضلع بھر میں 44 چھوٹے بڑے جلوسوں سمیت 77 مجالس منعقد کی جائیں گی ،2 جلوس انتہائی حساس 4 حساس جبکہ 38 نارمل ہیں۔ یوم عاشورہ کے موقع پر 3 بڑے جلوس برآمد ہونگے ،انتہائی حساس جلوس امام بارگاہ علی المرتضی شکارپور پھاٹک سے برآمد ہوگا،جو شہر کے دیگر علاقوں گلیوں سے ہوتا ہوا مرکزی امام بارگاہ غریب آباد پہ اختتام پذیر ہو گاجبکہ دوسرا بڑا انتہائی حساس جلوس روہڑی کربلہ میدان سے برآمد ہوگا اور شہداءقبرستان پر اختتام پذیر ہوگا ،تیسرا بڑا جلوس پنوعاقل امام بارگاہ قصر فاطمہ سے برآمد ہوگا پنوعاقل شہر کے مختلف علاقوں اور گلیوں سے ہوتا ہوا میدان عراق میں اختتام پذیر ہوگا ۔

روہڑی اور سکھر کے ماتمی جلوسوں اور امام بارگاہوں پر 1300پولیس اہلکار،150 رینجرز اور 400 اسکاوٹس سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں،ماتمی جلوسوں کی سکیورٹی چیک کرنے کے لیے ایس ایس پی عرفان سموں جلوسوں کے راستوں پر پہنچ گئے ہیں،جلوسوں کی گذرگاہوں سمیت دیگر راستوں کوخاردار تاریں اور رکاوٹیں لگا کر بند کیا جائیگا۔

یوم عاشورہ کے دن ، 2500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں 400 سے زائد رینجرز کے جوان جبکہ 3 فوج کی کمپنیز اسٹینڈ بائے پر رہینگی،ماتمی جلوس کے لیئے ایک داخلی اور خارجی راستہ بنایا گیاہے جبکہ تین چیکنگ پوائنٹس سے عزاداروں کو مکمل جامعہ تلاشی کے بعد گزارا جا رہا ہے ،جلوسوں کی نگرانی کیمروں سمیت ڈرون کیمرا سے کی جا رہی ہے ،ان کا کنٹرول روم مقامی جگہوں میں قائم کر دیا گیا ہے،ماتمی جلوسوں کی گذرگاہوں میں آنے والی بلند عمارتوں پر رینجرز اور پولیس کے بہترین نشانے باز بھی تعینات کیئے جائینگے،جلوسوں میں سادہ لباس خفیہ پولیس کے اہلکار حصار کی شکل میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دینگے۔