عزا داروں اور ماتمی جلوسوں کی حفاظت کیلئے جلوسوں کے راستوں پر 200سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں؛ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی

21

فیصل آباد،19 اگست (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد علی  نے  کہا  ہے کہ عزا داروں اور ماتمی جلوسوں کی حفاظت کیلئے ایک جامع سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت جلوسوں کے راستوں اور دیگر حساس مقامات پر 200سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

ڈی سی آفس میں قائم محرم کنٹرول روم کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے بڑے ماتمی جلوس سمیت دیگرتمام جلوسوں کے روٹس کے چپے چپے کی نگرانی کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم میں پولیس، ریسکیو 1122اور دیگر محکموں کی ٹیمیں چاک و چوبند بیٹھی ہوئی ہیں تاکہ ماتمی جلوسوں کی موثر نگرانی کی جا سکے اور عزا داروں کو ہر ممکن سہولت فراہم ہو۔

 اس موقع پر قائم مقام آر پی او سہیل چوہدری نے بتایا کہ عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر فیصل آباد میں 300کے قریب چھوٹے بڑے ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں جن کی حفاظت کیلئے پولیس نے جامع حکمت عملی اپنانے کے ساتھ ساتھ تھری لیئر سیکورٹی کا بھی بندوبست کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کے اعلیٰ افسران رینجر اور پاک آرمی افسران کے ساتھ گھنٹہ گھر سمیت مختلف مقامات کا دورہ کر کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ فیصل آباد میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے جہاں سے جلوسوں کی تمام سرگرمیاں براہ راست مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ریکارڈنگ بھی کی جارہی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ پولیس کے سب جوان نہایت تندہی سے سیکورٹی فرائض سرانجام دے رہے ہیں تاکہ عاشورہ کا دن خیرو خیریت سے گزرے۔