اٹک، 19 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام ایک فرقے یا مذہب کی نہیں انسانیت کی میراث ہیں، یوم عاشور پوری انسانیت کا ہے یہ دن سکھ، مسیحی، ہندو برادری سمیت تمام مذاہب کا بھی اتنا ہے جتنا باقی مسلمانوں کا ہے،چاہے گرونانک ہوں، بڑے سے بڑے پادری ہوں یا کسی بھی مذہب کے رہنما سب کے سب حضرت امام حسین علیہ السلام کی ذات پر متفق ہیں،سبھی یہی کہتے ہیں کہ انسانیت کیلئے امام حسین کھڑے ہو ئے اور عظیم قربانی دی۔
وہ جمعرات کویوم عاشور کے موقع پر عزاداران حسین کے جلوس کے راستے پر شربت اور دودھ کی سبیلیں لگانے والی سکھ اور عیسائی برادری کے رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کربلا میں جو ظلم ہوا، ہندو، مسیحی، سکھ، عیسائی برادری اٹک اور پنجاب میں غم کے اس دن ہمارے ساتھ شامل ہو کر اور نماز مغربین کے وقت امام حسین علیہ السلام کی شان میں اپنا اظہار خیال کرتے ہیں اس پر میں ان کا یا کسی کا بھی ممنون نہیں کیونکہ اس دن کو منا کر سب اپنی اپنی ذات پر احسان کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ا س دن یگانگت اس لئے ضروری ہے تاکہ آئندہ کوئی بدبخت یزید کی طرح کھڑا ہو کر ظلم نہ کر سکے۔
اس موقع پر فوکل پرسن یاور بخاری ٹیم سید عمران شاہ بخاری اور صحافی نثار علی خان بھی موجود تھے ۔