مری ، 19 اگست (اے پی پی ): ملک بھر کی طرح ملکہء کوہسار مری میں بھی یوم عاشورعقیدت واحترام سے منایا گیا۔اس موقع پر شہر میں ذوالجناح علم اور تعزیے کے دو بڑے جلوس نکالے گئے، پہلا جلوس مرکزی امام بار گاہ تحصیل روڈ سےجبکہ دوسرا جلوس امتیاز شہید روڈ سے برآمدھوا۔ مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہونے والا جلوس اپنے روایتی مقررہ راستوں تحصیل روڈ موچی منڈی صدیق چوک اور لوئر بازار سے جی پی او چوک پہنچا جبکہ امتیاز شہید سے نکلنے والا جلوس بھی اس میں شامل ہو گیا۔
دوران جلوس انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے جس میں سول رضاکاروں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی، جلوس کے راستوں پر پولیس اور رضا کار تعینات تھے۔ دوران جلوس مال روڈ اور لوئر بازار میں مکمل شٹر ڈاؤن رھا اور جی پی او چوک کو آنے والی تمام ٹریفک بند کر دی گئی۔ جلوس کے منتظمین نے جی پی او چوک اور مال روڈ پر دودھ اور شربت کی سبیلیں قائم کر رکھی تھی۔
جی پی او چوک میں عزادارون سے خطاب کرتے ہوئے مقررین و ذاکرین نے واقعہء کربلا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ حق اور باطل کے درمیان وہ تاریخی معرکہ ہے کہ جس کی مثال رہتی دنیا تک قائم رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ نے ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ جانے اور اسلام کی سر پلندی کے لئے جو لازوال قربانی پیش کی ہے وہ آج بھی مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم امہ متحد ہو کر باطل قوتوں کا قلع قمع کرے ۔
بعد ازاں عزادارن جلوس نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کرتے ہوئےجی پی چوک سے مال روڈ مرحبا چوک سے واپس مرکزی امام بار گاہ پہنچے اور منتشر ہو گئے ۔اس موقع پر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔