وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدارکی قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس آمد،ڈ یجیٹل کیمروں کے ذریعے یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

14

لاہور، 19 اگست ( اے پی پی):وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے قربان لائنز میں واقع سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا ہنگامی دورہ کیا اور جدید کیمروں سے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے راستوں  کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ڈیجیٹل وال پر کیمروں کے ذریعے لاہور کے دیگر علاقوں کے جلوسوں کا بھی مشاہدہ کیا۔

 وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا “پکار 15” کے کنٹرول روم کا بھی دورہ  کیا اور 15 پر آنے والی کالز اور رسپانس کے میکانزم کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے  لاہور میں سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شہر میں جلوسوں کی مسلسل اور بہترین نگرانی کی جارہی ہے،جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سکیورٹی کیلئے موثر اقدامات کیے گئے ہیں، ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری فورس چوکس ہے۔

عثمان بزدار نے  پولیس اور انتظامیہ کو وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی  بھی ہدایت کی  اور کہا کہ جلوسوں کے اختتام تک اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں ،میں خود سول سیکرٹریٹ میں محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کر کے سیف سٹی اتھارٹی آیا ہوں ،سیف سٹی اتھارٹی آکرکیمروں کی مدد سے جلوسوں کی نگرانی اور سیکورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کا نظام دیکھا ہے، پولیس اور دیگر اداروں نے مل کر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں اور میں خود بھی سیکورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو جلوسوں اورمجالس کی مانیٹرنگ کے نظام کے بارے میں بریفنگ د ی گئی اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی کیے گئے اقدامات سے بھی آگا ہ کیاگیا۔

 وزیر اعلیٰ نے بہاول نگر میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے کے ذمہ داران اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ والے بہت جلد کٹہرے میں ہوں گے۔

 صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر وزیر اعلی کے ہمراہ موجود تھے۔