لاہور، 19 اگست (اے پی پی):وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین المسالک منافرت پھیلانے کا بھارتی منصوبہ ناکام ہو گیا ہے۔
90 شارع قائد اعظم پر منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے عاشورہ محرم الحرام میں ملک بھر سے کوئی بین المسالک منافرت کا واقعہ رونما نہیں ہوا تمام مکاتب فکر کے علما مشائخ اور ذاکرین نے پیغام پاکستان ضابطۂ اخلاق پر مکمل عمل کیا اور وزیر اعظم کے ویژن اور ہدایت پر اپنا مسلک چھوڑو نہیں اور دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں کی صائب فکر پر عمل کیا گیا جس سے بین المسالک ہم آہنگی واضح طور پر دیکھی گئی۔
بہاولنگر کے افسوس واقعہ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ بھارت عرصہ دراز سے افغانستان کے ذریعے پاکستان میں فتنہ و فساد پھیلانے کے مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا تھا، عاشورہ محرم الحرام میں بھی اس کی بھر پور کوشش رہی کہ خدانخواستہ پاکستان میں نئے سرے سے بین المسالک منافرت پھیلے مگر ہمارا دشمن ناکام رہا اور قومی سلامتی کے اداروں نے بروقت دشمن کے ارادوں کو خاک میں ملایا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ہم آہنگی کی فضا کو پائیدار بنانے میں متحدہ علما بورڈ اور پاکستان علما کونسل کی جانب سے شبانہ روز محنت کر رہا ہے جس میں انشااللہ مزید کامیابیاں دیکھنے میں آئیں گی۔