اسلام آباد،20اگست (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہایک ارب درخت لگا چکے ہیں، 10 ارب درختوں کا چیلنج پورا کریں گے۔
وہ جمعہ کو وزارت اطلاعات و نشریات میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ گرین ڈپلومیسی میں آج دنیا میں اگر کوئی نام ہے تو وہ عمران خان ہے، ہم نے ایک ارب پودے لگائے اور اب 10ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے صحت انصاف کارڈ کے پی کے کی پوری آبادی کو فراہم کر دیا گیا ہے اب دسمبر تک پنجاب کی پوری آبادی کو ہیلتھ کارڈ مل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کم آمدن ہاؤسنگ کے منصوبے کو عوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے، نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے پانچ لاکھ کے بلاسود قرض، گھر بنانے کے لئے 27لاکھ فراہم کیے جارہے ہیں،145ارب کی قرض کی درخواستیں اب تک موصول ہوئیں، ان میں سے 45ارب کے قرض منظور ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رہائشی اور کمرشل ہاؤسنگ منصوبوں کے لئے 1000ارب کی سرمایہ کاری منصوبوں کی منظوری ہوچکی ہے اس سے 4500ارب کا معاشی اثر آئے گا اور 7لاکھ نوکریاں پیدا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اس ملک کو مدینہ طرز کی فلاحی ریاست بنانے کے ساتھ ساتھ، سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لئے عملی جدوجہد جاری رکھیں گے۔