اقتدارسنبھالا توملک دیوالیہ ہونےکے قریب تھا، اب ملکی اقتصادی صورتحال مستحکم ہوچکی ہے؛ فرخ حبیب

14

اسلام آباد،20اگست  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ  اقتدارسنبھالا توملک دیوالیہ ہونےکے قریب تھا، اب ملکی اقتصادی صورتحال مستحکم ہوچکی ہے۔

وہ جمعہ کو وزارت اطلاعات و نشریات میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کے سیاہ کارناموں کی وجہ سے 2017-18میں پاکستان بینک ڈیفالٹ کے قریب تھا،  15دن کے فارن ریزور رہ گئے تھے، ریکارڈ بیرونی قرض لئے گئے، 17ارب ڈالر مارکیٹ میں جھونک دیئے گئے ان کے مقابلے میں پی ٹی آئی حکومت کے تین سال بہت بہتر تھے، ہماری حکومت کے آغاز پر معاشی بدحالی،ادارے تباہ حال تھے اور کچھ وقت کے بعد کورونا وائرس جیسی عالمی وباء کا سامنا کرنا پڑا اس کے باوجود ملکی معیشت کو چلتا رکھا اور 4فیصد جی ڈی پی گروتھ حاصل کی،برآمدات 25.4ارب رہیں اگر سروسز کو شامل کریں تو یہ 31ارب ڈالر بن جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ  ایک سال کے دوران 29.4ارب ڈالر ترسیلات زر پاکستان آئے۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ہماری معاشی ٹیم کی محنت کی بدولت 10سالوں میں پہلی مرتبہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس ہوا، ٹیکسٹائل کے شعبے میں ریکارڈ برآمدات ہوئیں، 2ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات بھی ریکارڈ ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان میں ڈالر انفلو 60ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے،2018میں یہ 50ارب ڈالر سے بھی کم تھا،لارج سکیل منیوفیکچرنگ میں 14فیصد سے زائد گروتھ ہوئی ہے۔