نوشہروفیروز،20اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم کی زیر صدارت ضلعی سوشل ویلفیئر کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پیٹرول و گیس حاصل کرنے والی کمپنیوں پاکستان پیٹرولیم اور او جی ڈی سی ایل کی جانب سے علاقے کی ترقی کے لئے فراہم کی گئی رقم کے بہتر اور فوری استعمال کے سلسلے میں کوششیں تیز کرنے پر غور کیا گیا۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کی ہدایات پر قائم ضلعی کمیٹی سے منظور ہونے والی ترقیاتی اسکیموں کو جلد سے جلد مکمل اور فعال کیا جائے، سوشل ویلفیئر فنڈ سے ضلع میں کل 13 ترقیاتی اسکیمیں چل رہی ہیں جن پر 3کروڑ19 لاکھ سے زائد رقم خرچ ہوچکی ہے۔ ان اسکیموں میں چار میڈیکل ڈسپنسریاں، ایک آر او پلانٹ اور تین اسکول کی عمارتیں ودیگر ترقیاتی اسکیمیں مکمل ہوچکی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے سوشل ویلفیئرفنڈ اکاؤنٹ میں موجود فنڈز سے مزید ترقیاتی اسکیمیں تیار کرنے کے احکامات دیئے۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ بشیر احمد ملاح، ایکسین بلڈنگز علم الدین ڈاہری، اے ای این بلڈنگز امتیاز احمد میمن، اے ای این پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ فیصل آفتاب ،اے ای این ایجوکیشن اینڈ ورکس عابد حسین لاشاری، اسسٹنٹ کمشنر بھریا شاہد حسین، اے سی محرابپور اظہر لغاری اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔