حیدرآباد، 20 اگست (اے پی پی): کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، جمعتہ المبارک کی صبح 6بجے کے قریب سیالکوٹ سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کی 3بوگیاں کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے پٹڑی سے اتر گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مسافر ٹرین سے اتر آئے ریلوے حکام کے مطابق پٹڑی کی مرمت اور بوگیاں واپس چڑھانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور ٹرین سے تین بوگیاں الگ کرکے اسے اسکی منزل کراچی کے لیے روانہ کردیا گیا ہے جبکہ دیگر اندرونِ ملک سے آنے والی دیگر ٹرینوں کو متبادل پٹڑی سے گزار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس میں کوٹری کے مقام سے پٹڑی سے ٹرین کی بوگیاں اترنے کا یہ چھٹا واقعہ ہے، ریلوے اسٹیشن پر موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ کوٹری تا حیدرآباد ریلوے ٹریک کو ہنگامی بنیادوں پر درست کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ریلوے کے ایک ذمہ دار نے بتایا کہ کوٹری و حیدرآباد کے حوالہ سے ٹریک کی رپورٹ متعلقہ حکام کو ارسال کی جاچکی ہے۔