خیرپور،21 اگست (اے پی پی ):ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی کی جانب سے خیرپور کے بہادر پولیس اہلکار جمیل احمد کلھوڑو کے اعزاز میں جیلانی ہاؤس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ نے جمیل کلھوڑو کو سندھ کی ثقافت ٹوپی اجرک اور کھیس کے تحائف پیش کیے اور انعام کے طور پر کیش رقم بھی دی۔
بعد ازاں ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار جمیل احمد کلھوڑو نے انسانی جان بچاکر محکمہ پولیس اور خیرپور کا نام روشن کیا ہے ،جمیل جیسے پولیس اہلکار اپنے محکمے کے لیے رول ماڈل کے طور پر جاننے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار جمیل کلھوڑو کی بہادری پر ہمیں فخر ہے۔
سیدہ نفیسہ شاہ نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی جمیل احمد کلھوڑو کے لیے شاباشی کا پیغام دیتے ہوئے نیک خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کے پرنسپل سیکریٹری مظہر خان،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر مہدی رضا آرائیں سمیت دیگر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔