پنجاب حکومت نومبر میں دبئی ایکسپو میں صوبے کی ثقافتی اورتجارتی “شوکیسنگ” کرے گی؛ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

28

لاہور، 22 اگست ( اے پی پی):پنجاب حکومت نومبر میں دبئی ایکسپو میں صوبے کی ثقافتی اورتجارتی “شوکیسنگ” کرے گی۔ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ہونے والے اعلی سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دبئی ایکسپو میں جنوبی، سنٹرل پنجاب اور پوٹھوہار ریجن کو بھی دبئی ایکسپو میں نمائندگی دی جائے گی۔جنوبی پنجاب، وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت نجی شعبے کو بھی نمائندگی دینے کا اصولی فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے  کہا کہ پنجاب کی ثقافت، تجارت، سیاحت  اور درخشاں روایات کے پوشیدہ گوشے روشناس کرائے جائیں، دبئی ایکسپو میں شمولیت کامقصد دنیا کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج سامنے لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں تجارت، سیاحت اور ثقافت سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی کی نمائندگی اہمیت کی حامل ہے۔

 وزیراعلیٰ نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تجارت اور سیاحت کے فروغ کے مواقع سے روشناس کرایاجائے گا اور دنیا کو پنجاب کے بزنس فرینڈلی ماحول سے بھی بھرپور طریقے سے روشناس کرایا جائے گا۔

 اعلی سطحی اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ،سیکرٹری فنانس، سیکرٹری انڈسٹری اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔