بہاولنگر،22 اگست (اے پی پی ): پولیس نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے خطرناک ڈکیت گینگ کے چارملزمان محمد افضال،محمد عدنان، محمد جاوید اور محمد افضل کو گرفتار کر لیا۔یہ ملزمان گھروں میں ڈکیتی اورراہزنی کی متعدد سنگین وارداتوں میں بہاولنگر پولیس کو مطلوب تھے۔
دوران تفتیش ملزمان کے قبضہ سے شہریوں سے لوٹا ہوا مال مسروقہ لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات 2لاکھ 30 ہزار نقد رقم، ایک عدد موٹر سائیکل اوروارداتوں میں استعمال کیا جانے والا غیر قانونی اسلحہ 4 عدد پسٹل برآمدکر لیے گئے، ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
اس موقع پر ڈسڑکٹ پولیس آفیسرمحمد ظفر بزدارنے پولیس ٹیم کی اس شاندار کارروائی پر شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے،ضلع بہاولنگر کو کرائم فری زون بنانے کا عزم کر رکھا ہے، ضلعی پولیس دن رات میدان عمل میں پوری جانفشانی سے سر گرم عمل ہے۔