فیصل آباد،22اگست (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پوری قوم میں ماحولیات اور شجر کاری کے حوالے سے ذمہ داری کا احساس اجاگر کردیا ہے۔
اتوار کی سہ پہر نور فاطمہ ہاؤس امین ٹاؤن فیصل آباد میں بلین ٹری پراجیکٹ کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت کلین اینڈ گرین پرگرام کو بہت زیادہ اہمیت دے رہی ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلیاں اور ماحولیاتی تغیریات دنیابھر کی طرح پاکستان کو بھی برح طرح متاثر کررہی ہیں اسلئے چونکہ بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے انسانوں کو سانس لینے کیلئے آکسیجن اور صاف شفاف فضا کی ضرورت ہے اس لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے اسی لئے عمران خان بذات خود ٹین بلین ٹری سونامی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور ملک بھر میں درخت لگانے کاسلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران کے پی کے میں ایک ارب درخت لگائے گئے ہیں اور گزشہ روز صرف گوجرانوالہ میں سکولوں کے بچوں نے ایک ہی وقت میں 50ہزار پودے لگا کر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا عمران خان کی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کوششوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور عالمی کانفرنس کی میزبانی کا شرف پاکستان کو بخشنا بھی ایک اعزاز ہے۔
فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین سونامی کیلئے حکومتی اقدامات دیکھ کر لوگ دھڑا دھڑ اس جانب راغب ہو رہے ہیں اور ہر جگہ شجر کاری کی جارہی ہے اور اب پی ایچ اے اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت دیگر محکموں کو بھی اس میں شامل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ کے خلاف اقدامات کرنے والے ممالک کی صف اول کی فہرست میں شامل ہے اور اس کی وجہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کا عوامی شعور اجاگر کرنا ہےکیونکہ انہوں نے ہمیشہ شجر کاری پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں شہروں کی توسیع کرتے ہوئے گرین ایریا ز کو محفوظ رکھنا ہو گاکیونکہ اسی میں ملک کی بقا کا راز مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے عالمی دن کو تقریب کی میزبانی ملنے سے پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے مطابق زمین کا کم ازکم دس فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہونے چاہئے لہٰذا ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم گلوبل وارمنگ اور کلائیمیٹ چینج کا مقابلہ کرنے کیلئے نہ صرف جنگلات کے رقبہ میں اضافہ بلکہ نئے جنگلات کے لگانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔