صوبے کے تمام اضلاع کی ترقی ترجیحات کا حصہ ہیں،میڈیا کی حکومتی کارکردگی کو سامنے لائے؛وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان

26

ایبٹ آباد،23اگست(اے پی پی):وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کی ترقی ترجیحات کا حصہ ہیں ،ضم شدہ قبائلی علاقے جات کو  ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا ہے ،میڈیا کی بہت بھاری زمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی کارکردگی کو سامنے لائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں

ایبٹ آباد پریس کلب کی کابینہ کے عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اصلاحات کے ذریعے مثبت تبدیلیاں لائے ہیں ،میڈیا مثبت تنقید سے مسائل کی نشاندہی کرے،تاکہ اس کا حل نکال سکیں ۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک وپرنٹ میڈیا کسی بھی خبر سے پہلے تصدیق ضرور کرلیں۔

اس موقع پر مشیر اطلاعات کامران بنگش کا کہنا تھا ریجنل اخبارات کے اشتہارات میں حصہ مختص کیا ہے ،ریجنل سوشل میڈیا ،ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو بھی سہولت دینے کے لئے کابینہ سے منظوری حاصل کریں گے ،پشاور اور مالاکنڈ میں دو فیصد کوٹہ میڈیا کالونی کے لئے مختص کیا ہے،صحافیوں کے لئےانڈومنٹ فنڈ کو دگنااور صحت کی سہولت کے لئے انصاف کارڈ بھی دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پشاور کے بعد ایبٹ آباد پریس کلب کو ترجیحات میں رکھا ہوا ہے۔

کامران بنگش نے کہا کہ میڈیا اہم ستون ہے ،خیبر پختون خوا میں میڈیا کا تعاون حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ اشتہارات پالیسی میں ریجنل اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے،ڈسٹرکٹ اور تحصیل پریس کلب کو سالانہ گرانٹ کی بھی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

وزیر اعلی خیبر پختون خوا  محمود خان ،سپیکر خیبر پختون خوا اسمبلی مشتاق احمد غنی ،صوبائی مشیر اطلاعات مشیر اطلاعات کامران بنگش نے  ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر سردار نوید عالم ،جنرل سیکرٹری سردار محمد شفیق ،سینئر نائب صدر محمد اشفاق ،نائب صدر سید کمال حسین شاہ ،اسسٹنٹ سیکرٹری دلداراحمد ستی ،جوائنٹ سیکرٹری عبدالواسع خان،فنانس سیکرٹری محمد آصف اعوان    کو حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا وہ صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعلی خیبر پختون خوا محمود خان نے ایبٹ آباد پریس کلب کی منظور گرانٹ  80لاکھ اور ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کو 20لاکھ کا چیک بھی دیا ۔

ایبٹ آباد پریس کلب کی جانب سے وزیر اعلی محمود خان ، سپیکر خیبر پختون خوا اسمبلی مشتاق غنی ، ایم این اے علی خان جدون ،ایم پی اے مومنہ باسط کو یادگاری شیلڈ دی گئی۔ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر سید طائر حسین شاہ ،جنرل سیکرٹری عاطف قیوم نے بھی وزیر اعلی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔