لیڈی ہیلتھ ورکرز سرکاری و نجی ہسپتالوں اور گھروں میں پیداہونے والے ہر بچے کی رجسٹریشن اور ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں، ڈاکٹر یاسمین راشد

30

لاہور،23اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں بل اینڈ مالینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی امیونائزیشن ٹیم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیرصحت اور بل اینڈ مالینڈاگیٹس فاؤنڈیشن کے وفدکے درمیان پنجاب میں ای پی آئی پروگرام اورنیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کیلئے اقدامات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

بل اینڈ مالینڈاگیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے پنجاب میں زیادہ سے زیادہ ای پی آئی کوریج پر محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہااورمستقبل میں مزید تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں سرکاری و نجی ہسپتالوں اور گھروں میں پیداہونے والے بچوں کا ریکارڈ اکٹھا کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، پنجاب میں پیداہونے والے بچوں کے صحیح اعدادوشماراکٹھے کئے بغیر صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنا ناممکن ہے، سرکاری و نجی ہسپتالوں اور گھروں میں پیداہونے والے ہر بچے کی رجسٹریشن ہونی چاہئے، پنجاب میں پیداہونے والے بچوں کے اعدادوشماراکٹھے کرنے کے عمل میں سب سے اہم کردارلیڈی ہیلتھ ورکرزکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش کے بعد حفاظتی ٹیکوں کو یقینی بناناانتہائی اہم اقدام ہے، لیڈی ہیلتھ ورکرز سرکاری و نجی اور گھروں میں پیداہونے والے ہر بچے کی رجسٹریشن اور ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں، پنجاب کے ڈی ایچ کیوز،ٹی ایچ کیوز اورٹیچنگ ہسپتالوں میں بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کی 24گھنٹے سروس دینے کی ہدایت کی گئی ہے، پنجاب اور خصوصا جنوبی پنجاب میں مزید8ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرزکی بھرتی کی سمری منطوری کیلئے بھیج دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے مزید کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے لیبررومز میں بھی نومولودبچوں کیلئے حفاظتی ٹیکوں اوررجسٹریشن کی سہولت دستیاب کی جائیگی، پنجاب کے ہرسرکاری ہسپتال میں نومولودبچوں کی رجسٹریشن اور ویکسی نیشن کیلئے مخصوص عملہ کی نشاندہی کی جائیگی، پنجاب کے سرکاری ونجی ہسپتالوں اور گھروں میں پیداہونے والے نومولودبچوں کے اعدادوشماردوبارہ اکٹھے کئے جائینگے، نومولودبچوں کی رجسٹریشن اور ویکسی نیشن کے حوالہ سے بہترکارکردگی کے حامل عملہ کی حوصلہ افزائی بھی کی جائیگی، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب میں ماؤں اور بچوں کی صحت کویقینی بنانے کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔