چترال؛ جغور اور ہینجول سڑک کی پختگی کا افتتاح کر دیا گیا

67

چترال، 23اگست(اے پی پی): رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی نے جغور میں دواشش اور ہینجول سڑک کی پختگی کا افتتاح کر دیا ہے، جس پر 84لاکھ روپے لاگت آئے گی۔

اس موقع پر مولانا عبد الاکبر چترالی نے کہا کہ میں نے کافی جدوجہد کرتے ہوئے چترال کی مختلف سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کیلئے پندرہ کروڑ روپے وفاق سے منظور کروائے ہیں اور ارندو سے لیکر بروغل تک جہاں ضروری ہو لنک روڈ اور مختلف دیہاتوں تک رسائی کی سڑکوں کی بھی فرش بندی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے عوام کا بے حد مشکور ہوں کہ جن کی ووٹ کی بدولت میں قومی اسمبلی کا دوسری مرتبہ رکن منتحب ہوا اور میں اپنے عوام کو کبھی مایوس نہیں کروں گا، اپنی بساط سے بڑھ کر عوام کی خدمت کروں گا۔

اس موقع پر علاقے کے لوگ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے، جنہوں نے سڑکوں کی پحتگی کا افتتاح کرنے پر رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی کا شکریہ ادا کیا۔