اٹک :ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ کی نگرانی میں گورنمنٹ ہسپتال اٹک میں ماں کے دودھ کی افادیت کے بارے میں ہفتہ آگاہی کا افتتاح

31

اٹک ،23 اگست(اے پی پی): حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ کی نگرانی میں گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹر کٹ ہسپتال اٹک میں ماں کے دودھ کی افادیت کے بارے میں ہفتہ آگاہی کا افتتاح کیا گیا۔ ضلعی خطیب اٹک غلام محمد صدیقی نے قران و حدیث کی روشنی میں ماں کے دودھ پلانے کے بارے میں تفصیلی بیان دیا اور اس بات پر زور دیا کہ مائیں بچوں کو2 سال تک لازمی دودھ پلائیں۔ مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر اٹک راجہ سلیم نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تمام تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ما ں کے دودھ کی افادیت کے بارے میں آگاہی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس مہم کے دوران ضلع اٹک کے 72 بنیادی مراکز صحت پر اور فیلڈ میں لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور لیڈی ہیلتھ ورکرز یہ مہم چلائیں گی۔ جس کے مطابق 2 سال سے کم عمر بچوں، پانچ سال سے کم عمر بچیوں، حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کو لیڈی ہیلتھ ورکرز گھرگھر جا کر ماں کے دودھ کے فوائد کے بارے میں بتائیں گی۔ اس کے علاوہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ان کی غذائی ضروریات کے بارے میں والدین کو آگاہ کریں گی اور بالغ لڑکیوں کی صحت مند خوراک کے بارے میں معلومات دیں گی۔یہ اہم مہم 28 اگست تک جاری رہے گی۔

تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر اٹک محمد سلیم راجہ تھے۔ تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹر کٹ ہیلتھ اتھارٹی اٹک ڈاکٹر جواد الہی، ضلعی خطیب اٹک غلام محمد صدیقی، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ اٹک ڈاکٹر سعید اختر اور ان کی پوری ٹیم اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اٹک ڈاکٹر جواد الہی نے اس ہفتہ کی اہمیت اور مقاصد کے بارے میں بھی  بتایا۔