سکھر،23 اگست (اے پی پی ): ایس پی موٹر وے پولیس جاوید اقبال چدھڑ نے کہا ہے کہ روڈ حادثات پر قابو پانا،عوام کی جان و مال کا تحفظ اور این سی اوسی کی جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانا موٹر وے پولیس اور پبلک ٹرانسپورٹ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے پبلک ٹرانسپورٹ کے عہدیداران اور مالکان سے ایس پی آفس سکھر میں منعقدہ اہم میٹنگ کے دوران کیا۔ ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ کاکہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ، روڈ حادثات پر قابو پانے اور این سی اوسی کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ہی کرونا وائرس سے بچا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کا عملہ این سی او سی کی ہدایت پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے کرونا سے بچاؤ کے لئے ویکسین لازمی لگوائیں جبکہ موٹر وے پولیس کی ہدایت کے مطابق روٹ پرمٹ اور ڈرائیور کے لائسنس کی فوٹو کاپی گاڑی کی ونڈ اسکرین پر اندر کی جانب آویزاں کی جائیں۔
ایس پی موٹر وے پولیس جاوید اقبال چدھڑ نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ہدایات جاری کی گئیں کہ ہائی ایس وین میں لگے سی این جی سلینڈرز فوری طور پرہٹائے جائیں، خلاف ورزی کی صورت میں سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
میٹنگ کے دوران ٹرانسپورٹر حضرات نے روٹ پرمٹ اور لائسنس کے حوالے سے درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا، جس پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹر حضرات کو روٹ پرمٹ اور لائسنس کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے متعلقہ اداروں کولکھا جائے گا تاکہ جلد از جلد ٹرانسپورٹر حضرات کو درپیش مسائل حل ہوسکیں۔
اس موقع پر ٹرانسپورٹرز حضرات نے موٹر وے پولیس پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔۔میٹنگ میں ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر خالد محمود نواز اور موٹر وے کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
میٹنگ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے عہدیدار محمد سلیم بندھانی صدر ہائی ایس وین سکھر ملتان و سکھر لاڑکانہ وین ایسوسی ایشن کے نائب صدر گھوڑا خان مہر، جنرل سیکریٹری ظہور احمد کورائی سمیت بڑی تعداد میں ٹرانسپورٹرز حضرات نے شرکت کی۔