اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کو جلد سزا دینے کی ضرورت ہے، فرد، معاشرے اور ریاست کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کتاب ’’دختران پاکستان‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے خواتین کے ساتھ ہونے والے دو واقعات سے بہت تکلیف پہنچی، مسلم معاشرے میں خواتین کو خاص مقام حاصل ہے، اسلام میں خواتین کے احترام کی خاص تلقین کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے فرد، ریاست اور معاشرہ اپنی ذمہ داری ادا کرے، خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کو جلد سزا دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کے معاشرتی تحفظ سے متعلق قوانین موجود ہیں ، عملدرآمد کی ضرورت ہے، ترقیاتی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہونے کیلئے بلندہمت و حوصلہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی و معاشرتی ترقی کیلئے خواتین کی تعلیم کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرہ کی اصلاح میں خواتین کا اہم کردار ہے، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو وراثتی حقوق ملنے چاہئیں، اس حوالہ سے بلوچستان ہائیکورٹ نے بہترین فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے مستحق خواتین کو امدادی رقم ان کے اکائونٹ میں بھیجی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں نے خواتین کو قرضے فراہم کرنے کیلئے رقوم مختص کی ہیں لیکن بہت کم خواتین اس سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے قومیں بنتی ہیں، عورت کو صحیح مقام دینے سے ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا قیام ہمارا مقصد ہے اور معاشرے کو اس حوالہ سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جعلی خبروں کی بھرمار ہے۔ تقریب سے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل ، صوبائی وزیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز، ریکٹر بین الاقوامی اسلامک یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی اور سمیعہ راحیل قاضی نے بھی خطاب کیا۔