پشاور، 24 اگست(اے پی پی): پشاور پولیس نے ٹاون اور تہکال جیسے پوش رہائشی علاقوں میں سرگرم ڈکیتوں کو بے نقاب کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں سے ایک کا تعلق پاڑہ چنار جبکہ دوسرے کا تعلق پشاور سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران گھروں سے چوریاں کرنے کا اعتراف کر لیا ہے، ملزمان نے دوران تفتیش اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے ہیں جن کی گرفتاری جلد متوقع ہے، ملزمان کے قبضہ سے 68 تولہ سونا اور 52 لاکھ روپے بھی برآمد کر لئے گئے ہیں، ملزم سلیم کے قبضہ سے مال مسروقہ فروخت کرنے کے عوض خریدے گئے فریزر، ائیر کنڈیشنر سمیت دیگر متفرق گھریلو سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے، ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے
چوری واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کی خاطر ایس پی کینٹ احمد زنیر چیمہ کی سربراہی میں ڈی ایس پی ٹاون عرب نواز، ایس ایچ او تھانہ ٹاون جاوید خان اور ایس ایچ او تھانہ تہکال شکیل خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو شامل تفتیش کیا جبکہ مدعی ارباب نوید اکبر کے گھریلو ملازمین کو بھی شامل تفتیش کیا گیا جس کے دوران دونوں واقعات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر گزشتہ روز ایس ایچ او جاوید خان اور ایس ایچ او شکیل خان نے دو ملزمان حیدر علی ولد سید حسن شاہ اور سلیم خان ولد شیر گل کو گرفتار کر لیا جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران گھروں سے چوریاں کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جن سے مجموعی طور پر 68 تولے سونا اور 52 لاکھ روپے برآمد کر لئے گئے ہیں، اسی طرح ملزم سلیم خان نے مسروقہ سونے میں سے کچھ فروخت کرکے اس کے عوض فریج، فریزر اور دیگر گھریلو سامان خریدا تھا جس کو بھی برآمد کر لیا گیا ہے
دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے