اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی منگل کو تین روزہ ،چار ملکی، دورے پر روانہ ہوگئے۔وزیر خارجہ تاجکستان ،ازبکستان ، ترکمانستان اور ایران جائیں گے۔اس دورے کے دوران وزیر خارجہ، افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور علاقائی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیلئے ان ممالک کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کو مشترکہ ذمہ داری سمجھتا ہے۔وزیر خارجہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں، درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کیلئے، ان ممالک کی قیادت کے ساتھ مشاورت کریں گے۔وزیر خارجہ کا یہ چار ملکی دورہ، افغانستان میں دیرپا قیام امن اور علاقائی روابط کے فروغ کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔











