اسلام آباد، 25 اگست (اے پی پی ): وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم نے امریکہ کے اتحادی ہونے کی قیمت ادا کی ہے ، پاکستان دنیا کیساتھ کھڑا ہے، افغانستان میں امن استحکام اور ترقی پاکستان کا امن، استحکام اور ترقی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں شجر کاری کی تقریب کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی ” ایبسلوٹلی ناٹ” کی پالیسی واضح کرچکے ہیں کہ ہم اپنی سرزمین کو کسی کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت دیں گےنہ کسی اور کو پاکستان کیخلاف دہشت گردی کرنے دیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ٹی پی کو پاکستان میں دہشتگردی نہیں کرنے دی جائیگی، بھارت کو منہ کی کھانا پڑی، وہ اپنے زخم چاٹ رہا ہے، اسکے تمام قونصلیٹ پاکستان کیخلاف استعمال ہورہے تھے، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے ذریعے وہ دہشت گردی کرتا رہا، سی پیک کیخلاف سازش میں ملوث ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے اور ہم چین کو اپنے ہر مشکل وقت کا ساتھی سمجھتے ہیں، دستانے پہنے ہاتھ چینیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر سی پیک کیخلاف سرگرم ہیں لیکن دنیا کی کوئی طاقت سی پیک میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی، چینی کمپنیوں کو بھرپور اور اعلی ترین سکیورٹی فراہم کریں گے۔