فیصل آباد۔25اگست (اے پی پی):پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنرجیفرے شائے نے کہا ہے کہ ہاسپیٹلٹی اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے شعبہ میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے آسٹریلیا پاکستانی اداروں کی ہر ممکن رہنمائی و معاونت کرے گا۔بدھ کے روزانسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ جڑانوالہ روڈفیصل آباد کے شعبہ ہاسپیٹلٹی کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاحت، ہاسپیٹلٹی اور ہوٹل کی صنعت زرمبادلہ کمانے کے ساتھ ساتھ روزگار مہیاکرنے کا بھی اہم اور سستا ترین ذریعہ ہے جس سے فائدہ اٹھانے کیلئے ان شعبوں کو سائنسی بنیادوں پر ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پیشہ وارانہ تعلیم کے حوالے سے انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کو ملک کا نمبر ون ادارہ قرار دیا جس کے ذریعے لڑکوں کے علاوہ لڑکیوں کی تربیت پر بھی خاص توجہ دی جارہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آسٹریلیا ان اداروں سے ہر ممکن تعاون کررہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی ویژن کے مطابق پروفیشنل تعلیم اور اس سلسلہ میں عملی تربیت کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کو بھی سراہا۔ انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کی مسز قراۃ العین نے ہاسپیٹلٹی کے شعبہ میں ڈگری ٹرانسفر پروگرام کے بارے میں کہاکہ ایتھم کالج اور ملبورن یونیورسٹی کے الحاق سے پاکستانی طلبہ و طالبات کو ایک سال کی ابتدائی تعلیم کے بعد 2سال آسٹریلیا میں تعلیم مکمل کرنے کی سہولت بھی ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پاکستانی طلبہ اور طالبات انتہائی کم خرچ میں بین الاقوامی سطح کی ڈگری حاصل کرسکیں گے۔