رحیم یار خان؛ ضلع میں نئے پٹواری منتخب ہونےوالے نوجوانوں میں نوکری آرڈر تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد

39

رحیم یار خان،26 اگست(اے پی پی): ضلع میں نئے پٹواری منتخب ہونےوالے نوجوانوں میں نوکری آرڈر تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد،  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سدرہ سلیم اور اسسٹنٹ کمشنرز عظمان چوہدری،  کلیم یوسف، سرمد علی بھاگت،  ریاست علی نے شرکت کی۔

تقریب میں چاروں تحصیلوں کے 121 پٹواریوں میں آرڈر تقسیم کئے گئے، تحصیل صادق آباد میں 23، رحیم یار خان 39، خانپور 28 اور لیاقت پور کے 31 نوجوانوں میں آرڈرز تقسیم کئے گئے

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کا پٹواریوں میں آرڈر تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ فخر سے بتایا کریں گے کہ پنجاب میں پٹوار کلچر کا خاتمہ آپ نے کیا، ریونیو آفیسرز کی تعیناتی بھی ایک چیلنج تھا۔ حکومت پنجاب بے روزگاری ختم کرنے کے ویژن اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ کی کوششوں سے یہ اہم مرحلہ مکمل ہوا۔  نوکری کے حصول کے لیے سفارشیں بھی کرائی گئیں لیکن اے ڈی سی آر اور اسسٹنٹ کمشنرز کی محنت سے میرٹ ممکن ہوا۔ یہاں پر موجود تمام افراد میرٹ پر سلیکٹ ہوئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریونیو فیلڈ آفیسرز میرٹ پر آئے ہیں اور آگے بھی میرٹ کو ممکن بنانا آپ کی ذمہ داری ہے ۔  پٹوار سرکل کہنے کو ایک چھوٹا سا علاقہ ہوتا ہے، مگر آپ کی رپورٹ بہت اہم ہے۔

ریونیو فیلڈ آفیسرز جو رپورٹ لکھ دیتے ہیں وہ میرٹ اور ایمانداری پر مبنی ہوگی تو پاکستان بہت زیادہ ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ آپ ریونیو فیلڈ آفیسرز تعینات ہوئے ہیں۔ جب ریونیو فیلڈ آفیسرز ایمانداری سے کام کریں گے تو ہر مشکل آسان ہوجائے گی۔ ہم جو ریونیو اکٹھا کرتے ہیں وہ ملک کے لیے بہت اہم ہے۔ ماضی میں پٹواری اپنے حلقہ کی ہر فیملی کے شجرہ نصب کو جانتا تھا۔ پٹواری اپنے حلقہ میں آنے والے شر پسند عناصر کی نشاندہی میں پہلی سیڑھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کے آنے سے محکمہ میں واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ آپ نے ماضی میں اس شعبہ کو اپنی محنت و لگن سے دوام پہنچانے والے آفیشلز کی پیروی کرنا ہے۔ پٹواری لفظ کے غلط استعمال کو آپ نے اپنی کارکردگی سے بہتر بنانا ہے۔آپ ایک سخت اور شفاف مراحل سے گزر کر اس ذمہ داری کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔