لاہور، اگست 28(اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے درآمدات میں کمی ضروری ہے، حکومت جوتوں کی انڈسٹری کے فروغ کیلئے ان پر ڈیوٹی مزید کم کر رہی ہے۔
ہفتہ کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد نے یقین دلایا کہ برآمد کنندگان کو بندرگاہوں پر مناسب سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے درآمدات میں کمی ضروری ہے، یورپی یونین نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کا درجہ دو سال کے لیے بڑھا دیا ہے۔
عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان نے پاکستانی ساختہ موبائل فون برآمد کرنا شروع کر دیا ہے جو کہ ملک کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جوتے کی درآمدات میں بھی کمی آئی ہے جبکہ ملک میں جوتے کی پیداوار بڑھنے کی وجہ سے ملکی ضروریات مقامی انڈسٹری سے ہی پوری ہورہی ہیں۔