پاکستان فضائیہ کی شاہین فاؤنڈیشن کے زیر انتظام جنوبی پنجاب کے صحت افزا مقام فورٹ منرو میں چار روزہ فری آئی سرجری کیمپ کا انعقاد

18

راجن پور،28 اگست (اے پی پی ):پاک فضائیہ کی شاہین فاؤنڈیشن کے زیر انتظام جنوبی پنجاب کے صحت افزا مقام فورٹ منرو میں چار روزہ فری آئی سرجری کیمپ کا آغاز کردیا گیا ہے ، وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کیمپ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔الشفاء ٹرسٹ راولپنڈی کی ہائی پروفیشنل 29 رکنی ٹیم 31 اگست تک کھر فورٹ منرو ہسپتال میں مریضوں کا طبی معائنہ،سرجری اور دیگر سہولیات کے ساتھ عینکیں اور ادویات مفت فراہم کرے گی ۔سیکرٹری فاونڈیشن و ایئر کموڈور خلیل الرحمن شیرانی کیمپ کی سہولیات سے متعلق آگاہی دی۔

وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی  زرتاج گل وزیر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں میں معیاری کیمپ نعمت سے کم نہیں،پاکستان ائیر فورس کی خدمت خلق کو فراموش نہیں کیا جائیگا۔پاکستان فضائیہ اور الشفاء ٹرسٹ کی مشکور ہوں کہ انہوں نے میری تجویز پر لاہور اور اسلام آباد کے مساوی طبی سہولیات فراہم کیں۔

زرتاج گل وزیر نے کہا کہ سرداروں نے گزشتہ ادوار میں فورٹ منرو کو نظر انداز کیا،اب پسماندہ علاقوں کی 70 سالہ محرومیوں کا ازالہ کیا جارہا ہے،یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ غریب اور وسائل سے محروم افراد کو ان کا حق دیا جارہا ہے۔انہوں نے  کہا کہ فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج اور ویلفئیر کمپلیکس سے انقلاب آئے گاکیڈٹ کالج سے نہ صرف اس خطہ بلکہ پورا ملک مستفید ہوگا،دیگر علاقوں میں بھی ایسے معیاری میڈیکل کیمپ لگائیں گے۔