بیلجئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے آٹھویں ماہانہ آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد

29

برسلز،28اگست (اے پی پی ): یورپی یونین ، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر  ظہیر اے جنجوعہ نے   بیلجئم  اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے آٹھویں ماہانہ آن لائن  کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر ظہیر اے جنجوعہ   نے شرکاء کو افغانستان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان اور خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے  اس عزم کا اظہار کیا کہ  پاکستان افغانستان میں ایک جامع سیاسی تصفیے کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

ظہیر اے جنجوعہ   نے کہا کہ  پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ حالیہ اعلیٰ سطحی رابطوں کی  تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو صدر یورپی کونسل  چارلس مشیل اور بیلجیم کے وزیر اعظم   الیگزینڈر ڈی کرو کی کالیں موصول ہوئیں جبکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے اعلی نمائندے   جوزپ بوریل اور بیلجیئم کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ   سوفی ولیمز سے بھی اس حوا لے سے گفتگو کی۔

 پاکستانی سفیر  نے سفارتی  اور بین الاقوامی اداروں کے عملے ، صحافیوں اور دیگر کو افغانستان سے نکالنے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔

 جشنِ آزادی کے موقع پربیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم  پاکستانیوں کی تقریبِ پرچم کشائی میں  کثیر تعداد میں شرکت کرنے پر سفیرِ پاکستان نے  پاکستانی کمیونٹی کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے مزید کہا کہ سفارت خانہ پاکستان اِس نوعیت کی دیگر تقریبات کا انعقاد بھی کرتا رہے گا۔

پاکستانی  کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے ، سفیر ِ پاکستان نے کہا کہ بیلجیئم میں مقیم  پاکستانیوں کی طرف سے بھجوائی جانے والی   ترسیلات زر ، رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں 18.3 فیصد اضافے کے ساتھ 25.5 ملین رہیں۔

تقریب کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے قریبی رابطے برقرار رکھنے کے  وژن کے مطابق کیا گیا تھا تاکہ  بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات تک فعال انداز میں رسائی حاصل ہو۔آن لائن کھلی کچہری  میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد  نے شرکت کی،  کمیونٹی ممبران نے سفارت خانے  کی کوششوں کو سراہا۔