پاراچنار؛ کرم میڈی ایٹر جرگہ کا ضلع کرم میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ریوینیو کورٹس کے قیام کا مطالبہ

25

پاراچنار، 29 اگست (اے پی پی ):کرم میڈی ایٹر جرگہ نے ضلع کرم میں ریوینیو ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ریوینیو کورٹس کے قیام کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جائیداد کے حوالے سے تنازعات کے موثر طریقے سے حل کیلئے ایک بار پھر جرگہ نظام کو فعال بنایا جائے ۔

پاراچنار میں تفصیلی جرگہ کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ولی سید میاں ، ابرار حسین جان ، عبدالخالق پٹھان ، ملک مومن خان ، محمود علی طوری ، امجد جلال بنگش ، حامدحسین اور دیگر راہنماوں نے کہا کہ ضلع کرم میں آئے روز زمینوں و آبی مسائل کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے جو امن و امان کی خرابی کا بھی سبب بن رہا ہے۔

 رہنماؤں نے متعلقہ حکام سے اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جائیداد سے متعلق مسائل کے حل کیلئے ضلع کرم میں ریوینیو ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ریونیو کورٹس کی منظوری دی جائے تاکہ ریونیو کے حوالے سے تنازعات کا فوری حل نکالا جاسکے اور بہتر طریقے سے مسائل حل کئے جائیں۔

 کرم میڈی ایٹر جرگہ ممبران نے کہا کہ انہوں نے باقاعدہ طور پر ہلویتاس اور فاؤنڈیشن فار رورل ڈیویلپمنٹ سے تربیت حاصل کی ہے اور وہ ضلع کرم میں مسائل کے حل کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

 رہنماؤں نے کہا کہ فاٹا  کے انضمام  کے بعد مسائل مزید بڑھتے جارہے ہیں اس لئے ایک بار پھر جرگہ نظام کو فعال بنایا جائے۔