بہاولنگر سمیت پنجاب بھر میں وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق خدمت آپ کی دہلیز پروگرام کے تیسرے مرحلے کا آغاز 30 اگست سے ہوگا

11

بہاولنگر،29اگست  (اے پی پی ):بہاولنگر سمیت پنجاب بھر میں  وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر شروع کیے گئے خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کے تحت شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور عوامی خدمت پر مامور اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کے اہداف کے حصول کے بعد اس پروگرام کو جاری رکھا گیا ہے۔

  ان خیالات  کا اظہار ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے خدمت آپ کی دہلیز پروگرام کے انتظامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام سے لوگوں کو بھر پور ریلیف حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دو مرحلوں میں  کامیابی کے بعد پنجاب میں “خدمت آپکی دہلیز پر” پروگرام کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے جو چھ ہفتوں پرمحیط ہو گا ،تیسرا مرحلہ 30اگست تا 10 اکتوبر جاری رہے گا، شیڈول کے مطابق 30 اگست تا 5 ستمبر ہفتہ صفائی،6تا12 ستمبرہفتہ نکاسی آب منایا جائے گا جبکہ 13تا19ستمبر ہفتہ برائے صفائی و نکاسی آب،20تا 26ستمبر ہفتہ برائے شہری تزئین و آرائش منایا جائے گا۔27ستمبر تا3اکتوبر کو ہفتہ برائے روڈ سیفٹی، 4تا10اکتوبرہفتہ برائے خدمت رسائی منایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، بلدیاتی اداروں کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام میں کارکردگی کے لحاظ سے اضلاع کی درجہ بندی کی گئی ہے اورصوبے کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز پروگرام پر عملدرآمد کی نگرانی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے اہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، تمام افسران شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کیلئے آگاہی مہم جاری رکھیں۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ  تمام افسران و سٹاف  دلجمعی کے ساتھ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اس پروگرام کے تمام اہداف حاصل کرنے کے لئے محنت و لگن سے فرائض سر انجام دیں۔

اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔