کوئٹہ، 30 اگست (اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت دبئی میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی ایکسپو کی تیاریوں پر پیشرفت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری اسفندیار کاکڑ، ڈی جی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور کور کمیٹی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس کو ڈی جی و پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایکسپو اور کور کمیٹی کی جانب سے دبئی ایکسپو میں ہونے والی سرگرمیوں، ٹائم لائن اور تھیمز سے متعلق انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ میں بتایا کہ ایکسپو میں کلائمٹ، اسپیس، اربن اینڈ رورل ڈیویلپمنٹ، ایگریکلچر، واٹر، گلوبل گولز، ٹورزم، کلچر پرموشن سمیت دیگر شوکیسنگ تھیمز شامل ہیں جبکہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایکسپو کے دوران چھ ماہ کے پروگرام کی بھی منصوبہ بندی کررہی ہے جن میں تجارتی اور سرمایہ کاری سیمینار، کانفرنسیں، ثقافتی شوز اور تقریبات وغیرہ شامل ہیں جبکہ دبئی ایکسپو میں بلوچستان اپنی بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کرے گا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ دبئی ایکسپو میں بلوچستان کے قدیم ورثہ، پرکشش قدرتی ماحول اور مستقبل کے امکانات کو اجاگر کیا جائے مہر گڑھ کی قدیم ترین تہذیب کو دنیا کے سامنے روشناس کرایا جائے اور بلوچستان میں متبادل توانائی کے ذرائع اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقعوں کی فراہمی کو متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے بلوچستان کو قدرتی خوبصورتی، تاریخی مقامات، جونیپر کے جنگلات اور ساحلی پٹی سے نوازا ہے اور دبئی میں ہونے والے بین الاقوامی ایکسپو جیسے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے دوبئی ایکسپو میں دنیا کو بلوچستان میں کوسٹل اور مائننگ ایریاز میں موجود مواقعوں سے بھی روشناس کرایا جائے۔