ایسا نظام دیں گے کہ لوگوں کو اپنی شکایات کے ازالے کیلئے منتخب نمائندوں کے پیچھے نہ بھاگنا پڑے،میاں اسلم قبال

41

 لاہور،31 اگست ( اے پی پی ) ایسا نظام دیں گے کہ لوگوں کو اپنی شکایات کے ازالے کیلئے منتخب نمائندوں کے پیچھے نہ بھاگنا پڑے، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اپنے کیمپ آفس نیو مزنگ سمن آباد میں لوگوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

وہ منگل کو اپنے کیمپ آفس پہنچے اور لوگوں سے ملاقاتیں کیں، مسائل سنےاور بعض مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اداروں میں اصلاحات کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر کررہی ہے، ایسا نظام دیں گے کہ لوگوں کو اپنی شکایات کے ازالے کیلئے منتخب نمائندوں کے پیچھے نہ بھاگنا پڑے-

انہوں نے کہا کہ دفاتر میں بیٹھے افسران کا فرض ہے کہ وہ مسائل کے حل کیلئے آنے والے سائلین کی داد رسی کریں۔عوام کی شکایات کاازالہ نہ کرنے والے افسر کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں- عہدہ ملنے پر عوام سے دوری اختیار کرنے والے منتخب نمائندے کو بھی عوام کی نمائندگی کا حق نہیں، میں عوامی نمائندہ ہوں اور عوام میں ہی رہتاہوں، میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے، لوگوں کے مسائل اپنے ذاتی مسائل سمجھ کر حل کرانے کی کوشش کرتا ہوں-

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 سالوں سے عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں-عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا، پورا احترام کریں گے، لوگوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا،عوام سے قربت اور انکی شکایات کاازالہ ہی میری زندگی کا مشن ہے۔

شہریوں نے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر سے اظہار تشکر کیا۔