پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جسے گرین سٹیمولس کے لیے فنڈنگ دی گئی ہے؛ملک امین اسلم

36

اسلام آباد،1ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کا کلین گرین پروگرام دنیا میں پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں، پاکستان کی میزبانی میں عالمی یوم ماحولیات 2021 کی کامیابی کو عالمی سطح پر زبردست پزیرائی ملی ہے،پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جسے گرین سٹیمولس کے لیے فنڈنگ دی گئی ہے۔

بدھ کو یہاں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کے تحفظ و بحالی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے منصوبوں اور کامیابیوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ  حکومت کے سر سبز منصوبوں کا مقصد صرف درخت لگانا نہیں بلکہ ماحول دوست روزگار کے مواقع بھی پیدا کرنا ہے، کووڈ۔ 19 کے دوران ان منصوبوں میں 85 ہزار ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بنک نے گرین سٹیمولس منصوبہ کے لئے فنڈز فراہم کر دیئے ہیں جس پر اکتوبر سے کام شروع ہو جائے گا، وزیراعظم عمران خان اس کا افتتاح کریں گے۔اس منصوبے سے دو لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔