لاہور، 2 اگست(اے پی پی): وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق محکمہ کوآپریٹوز سرکاری زمینوں پر قبضے واگذار کرانے کا عمل جلد مکمل کرے اور تنازعات سے پاک سرکاری اراضی کی شفاف نیلامی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر یاور بخاری کے ہمراہ محکمہ ہائے کوآپریٹوز قانون اور سوشل ویلفئیر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا کہ میرے چارج سنبھالنے کے بعد لیکوڈیشن بورڈ کی 50 ارب روپے سے زائد مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی ہے اور تمام محکموں کو کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدارکے ویژن کے مطابق عوامی خدمات کا معیار بہتر بنائیں، موجودہ دور میں اب تک 76 قوانین کا نفاذ ہوچکا ہے جبکہ 42 بل منظوری کے مراحل میں ہیں۔
وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ654 گزٹ نوٹیفکیشن کا اجراء کیا گیا اور اہم سرکاری امور میں 630 قانونی آراء دی گئیں اور سرکاری محکموں کے 496 رولز و نوٹیفکیشنز اور 150 ایم او یوز کی توثیق کی گئی جبکہ سولسٹر پنجاب لاہور اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب راولپنڈی کے دفاتر کی تعمیر رواں سال شروع ہوگی علاوہ ازیں محکمہ قانون میں ریسرچ سیل نے کام شروع کردیا ہے۔
صوبائی وزیر یاور بخاری نے اجلاس میں بتایا کہ خواتین پر تشدد کے خلاف ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کو مزید با اختیار کیا جا رہا ہے اور منشیات کے مریضوں کی بحالی کے لیے بھی اہم منصوبے شروع کر رہے ہیں اور لاہور میں ٹرانسجینڈرز کے لیے ووکیشنل سنٹرز بھی قائم کر رہے ہیں۔
دونوں وزرا نے حکومت اور صوبائی محکموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے بھی شرکت کی، جبکہ تینوں محکموں کے سیکریٹریز نے بریفنگ دی۔