اسلام آباد ،02 ستمبر (اے پی پی ): اسپیشل اکنامک زونز میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی آسانی کے لئے ون ونڈو سروسز پورٹل کے قیام میں عملی پیش رفت، ون ونڈو سروسز کے قیام کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سرمایہ کاری بورڈ کے تحت ون ونڈو سروسز پورٹل کا قیام سرمایہ کاروں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے عمل میں لایا جا رہا ہے، پورٹل نہ صرف انتظامی اور قانونی منظوریوں کے حصول بلکہ صنعتوں کو سہولیات کی فراہمی میں بھی معاونت کرے گا،اسکے لئے متعلقہ محکموں کو دو مرحلوں میں پورٹل میں شامل کیا جا رہا ہے، پورٹل میں کاغذی کاروائی اور ڈیجیٹل منظوریاں شامل ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پورٹل میں نہ صرف وفاقی محکمے بلکہ صوبائی محکمے بھی شامل کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت صنعتی ترقی کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کر رہی ہے، سرمایہ کاروں کے لئے ہر ممکنہ آسانی پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورٹل کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت و مربوط کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جائے، پورٹل کا قیام و فعالی مقرر کردہ وقت میں یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں متعلقہ اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔