شمالی پنجاب کے لئیے حکومت کا بڑا تحفہ ،کھاریاں۔سیالکوٹ موٹر وے کا آغاز ،راولپنڈی۔کھاریاں کا آغاز بھی اسی سال ہوگا۔ وفاقی وزیرِ مواصلات مراد سعید

17

اسلام آباد۔2ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے تین سال میں 1753 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں، ریونیو میں 119 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، سکھر، حیدرآباد موٹروے، دیر موٹروے کھاریاں راولپنڈی موٹروے کے منصوبوں پر کام بھی اسی سال شروع ہو جائے گا، نجی شعبہ کی شراکت سے شاہراہیں اور سڑکیں بنا رہے ہیں، اس سے سرمایہ کاری میں اضافہ کے ساتھ ساتھ قوم کا پیسہ بھی بچے گا۔ وہ جمعرات کو یہاں سیالکوٹ۔کھاریاں موٹروے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ مراد سعید نے کہا کہ اس موٹروے کی تعمیر سے سفر 100 کلومیٹر کم ہو جائے گا، موجودہ حکومت احساس پروگرام، عوام کو مفت علاج کی فراہمی اور خارجہ پالیسی کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے، سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور قوم کے پیسے کی بچت کی جا رہی ہے، سابق حکومت کے پہلے تین سال میں 645 کلومیٹر اور ہمارے تین سال میں 1753 کلومیٹر سڑکیں بنائی گئی ہیں، اکتوبر تک ان میں 700 کلومیٹر کا مزید اضافہ ہو جائے گا، ہم نے تین سال میں 6118 کلومیٹر سڑکوں کی منصوبہ بندی کی ہے جبکہ سابق حکومت کے دور میں اس عرصہ میں 858 کلومیٹر سڑکوں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، شاہراہوں کے 12 بڑے منصوبوں پر کام جلد شروع ہو جائے گا، سڑکوں کے ساتھ ساتھ ریونیو بھی بڑھ رہا ہے اور 87 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، ای پروکیورمنٹ کے بعد ای بڈنگ کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 300 کلومیٹر طویل سکھر حیدر آباد موٹروے 200 ارب روپے کی لاگت سے شروع ہوگی، کھاریاں راولپنڈی موٹروے پر کام بھی اسی سال شروع ہو جائے گا، اس کے علاوہ سوات موٹروے کے دوسرے مرحلے کا ٹینڈر جاری ہو چکا ہے، دیر موٹروے منصوبہ پر بھی اسی سال کام شروع کریں گے، پشاور ڈی آئی خان موٹروے منصوبہ کی فزیبلٹی بن چکی ہے، خضدار بسیمہ، لودھراں ملتان، چترال شندور، کوئٹہ بائی پاس اور ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا، جی ٹی روڈ کی مرمت کریں گے۔ مراد سعید نے کہا کہ بلکسر میانوالی روڈ بھی ہماری ترجیح میں شامل ہے اور جون تک 4 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی مرمت کی جائے گی، پہلے اتنا کام کبھی بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موٹرویز اور شاہراہوں کے لیے 31 محکموں سے منظوری لینا پڑتی ہے، جیسے ہی سکھر حیدرآباد اور کھاریاں راولپنڈی موٹروے کی منظوری مل گئی اس سے اگلے ہفتے ہی کام شروع ہو جائے گا۔