کراچی۔2ستمبر (اے پی پی):پی ایس 99 کراچی ضلع ایسٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے حریت رہنما سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں و شہریوں نے شرکت کی، حریت رہنما سید علی گیلانی کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ریلی بھی نکالی گئی ، غائبانہ جنازہ نماز کے بعد مودی کی کشمیر میں دہشتگردی کے خلاف شہریوں نے احتجاج بھی ریکارڈ کروایا۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا سید علی گیلانی وہ مرد مجاہد ہیں جو کبھی بھارت کے مظالم کے سامنے جھکے نہیں، ایک ستون کی طرح انڈیا کے سامنے کھڑے رہے تھے، آج سید علی گیلانی کی لاش سے بھی بھارت خوفزدہ ہے، جب سید علی گیلانی کو آخری بار گرفتار کیا جارہا تھا تب ان کی زبان پر ایک ہی نعرہ تھا کشمیر بنے گا پاکستان، آج پوری پاکستان کی عوام سید علی گیلانی کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے،پورے پاکستان میں ان کی غائبانہ جنازہ نماز ادا کی گئی ہے،پاکستان کا بچہ بچہ آج سید علی گیلانی کو سلام پیش کر رہا ہے، سید علی گیلانی مرد مجاھد تھا جو کشمیر کے حقوق کے لئے تادم کھڑا رہا، سید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کے شمع کو روشن کیا تھا،ان کی شروع کی ہوئی تحریک آزادی کشمیر تک جاری رہے گی،جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ہے پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ ہے،جب بھی ضرورت پڑی ہم کشمیریوں کے ساتھ بھارت کے خلاف جہاد کرنے کو بھی تیار ہیں،کشمیری مجاہدوں سے کہنا چاہتا ہوں اس وقت پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے،پاکستان کا وزیر اعظم عمران خان ہے اب کشمیر بھی آزاد ہوگا،آمریکا نے کہا طالبا نے ہمیں نکال دیا ہے پاکستان ہمیں اڈے استعمال کرنے دیئے جائیں لیکن ہمارے کپتان نے کہا یہ ممکن نہیں ہے پاکستان کی سر زمین کسی مسلمان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، پیپلزپارٹی، ن لیگ، مشرف کے دور میں آمریکا نے ڈرون حملے کروائے، یہ لوگ آمریکا کے سامنے جھک گئے تھے، لیکن عمران خان کے دور میں ایک بھی ڈرون حملہ نہیں ہوا ہے، عمران خان امت مسلمہ کے لیڈر ہیں،عوام عمران خان کا ہاتھ مضبوط کریں کشمیر بھی جلد آزاد ہوجائے گا،آج ہمیں ایک ہونے کا وقت ہے ا ب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کو بھی آزاد ہونا ہے،بھارت کا اب ظلم زیادہ نہیں چلے گا جلد پاکستان کا پرچم بھی کشمیر پر لہرائے گا، مودی نے اپنی دہشتگردی سے کشمیری عوام کو زد کوب کر رکھا ہے۔