سکھر: پاکستان سنی تحریک کی جانب سے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ریلی کا انعقاد

32

سکھر،04ستمبر(اے پی پی): پاکستان سنی تحریک کے  زیر اہتمام شہداءافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ریلی کا انعقاد ، افواج پاکستان کے حق میں نعریبازی ،چھ ستمبر 1965 کی جنگ کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہ کرنے کے عزم کا اظہار، ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔

 پاکستان سنی تحریک ضلع سکھر کے زیر اہتمام مائیکرو کالونی نیو تعلقہ سکھر میں کارکنان کی کثیر تعداد نے پاکستان سنی تحریک صوبہ سندھ کے صدر مولانا نور احمد قاسمی کی قیادت 6ستمبر 1965 کی جنگ کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ریلی نکالی اور افواج پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعریبازی کی۔ ریلی میں مولانا خالد حسین ، مولانا سجاد سمیت دیگر رہنماوں و علاقہ مکینوں سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاءریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک صوبہ سندھ کے صدر مولانا نور احمد قاسمی و دیگر نے  6 ستمبر 1965 کی جنگ کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہ کرنے کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بھارت 1965 کی جنگ کو یاد رکھے یہ قوم سرفروشوں کی قوم ہے جن کے جوش و جذبے کے سامنے گولہ بارود کچھ نہیں، بھارت اپنا قبلہ درست کرے اور کوئی ایسی غلطی کرنے کی جرات نہ کرے کہ اس کا نام ہی صفحہ ہستی سے مٹ جائے اختتام ریلی ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔