ستمبر 1965 کی جنگ کے بعد جس طرح پاکستانی افواج نے ملک کا دفاع کیا اس کے بعد ہندوستانی فوج آج بھی لرزتی نظر آتی ہے، علامہ زبیر احمد ظہیر

27

 لاہور، 06 ستمبر (اے پی پی):مرکزی امیر جماعت اہل حدیث پاکستان علامہ زبیر احمد ظہیر  نے کہا ہے کہ 6ستمبر کو جب انڈیا نے اچانک ہم پر حملہ کیا  تو سارے لاہور کی طرح میں نے اپنی فوج کو اگلے مورچوں پر جا کر دیکھا ۔ میں نے یہ محسوس کیا کہ بھارتی فوج کبھی بھی میدان جنگ میں پاکستانی فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتی ۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کر تے ہوئے  کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس زمانے میں ہم نے دیکھا کہ افواج پاکستان نے بحری، فضائیہ اور زمینی سطح پر جو عظیم الشان کارنامے سرانجام دیئے ہیں اور جس طرح ہندوستان پر دھاک بٹھائی اس کی وجہ سے ہمیشہ ہندو بنیا اور اس کی فوج پاکستانی فوج  کے نام سے آج بھی لرزتی نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں اہم ترین کردار فیلڈ مارشل ایوب خان کا تھا ۔ جس کا نام آج یوم دفاع کے حوالے سے بہت کم لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک جنرل ایوب خان پاکستان کا بہت بڑا ہیرو ہے  کہ انہوں نے ہندو  بنیا اور اس کی فوج کو اس طرح للکارا تھا کہ اس سے پوری قوم کے   دل و دماغ میں اور رگ و ریشے میں ایسا جوش و خروش پیدا ہوا تھا کہ جس کا مقابلہ دنیا کی کوئی طاقت نہیں کرسکتی تھی۔