اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایک پرامن ، محفوظ اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کے لئے اہمیت کا حامل ہے، پاکستان افغانستان کی معاشی بہتری ، انسانی ریلیف اور مدد کے لئے اپنا کردار جاری رکھے گا ۔وہ جمعرات کو یہاں قطر کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کررہے تھے ، ملاقات کے دوران افغانستان کی ترقی اور پاکستان اور قطر کے مختلف شعبوں میں تعلقات پر بھی تبادلہ خیال گیا،وزیراعظم نے اس موقع پر امیر قطر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان تنازعہ افغانستان کی وجہ سے مشکلات کا شکار رہا ہے ،ایک پر امن ،محفوظ اور مستحکم افغانستان پاکستان اور اس خطے کے لئے اہم ہے ۔افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم نے زور دیا کہ سیکیورٹی کی صورتحال میں استحکام انسانی بحران کی روک تھام اور معیشت کی مضبوطی انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی امداد انسانی ریلیف اور معاشی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہے گا ۔ وزیراعظم نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ افغانستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے کھڑے ہوں اور افغانستان میں پائیدار امن ، استحکام اور معاشی ترقی یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائیں اور مثبت بات چیت کریں ۔ وزیراعظم نے افغان امن عمل میں قطر کے کردار کو سرا ہا ، وزیراعظم نے دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں قطر کے ساتھ باہمی مفاد کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی اور عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر قطر کے ڈپٹی وزیراعظم نے علاقائی امن اور استحکام کے لئے پاکستان کے اہم کردار اور کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے دو طرفہ اور علاقائی امور پر پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی روابط برقرار رکھنے کا عزم کیا۔