بورےوالا،11ستمبر(اے پی پی ): دنیا بھر کی طرح بورے والا میں بھی عالمی فرسٹ ایڈ ڈے منایا گیا۔ اس حوالے سے ریسکیو 1122 کے دفتر میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد لوگوں میں فرسٹ ایڈ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔سیمینار میں ریسکیو اہلکاروں کے علاوہ شہریوں اور ریسکیو رضا کاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈی ڈی ایچ او بوریوالا ڈاکٹر شاہد اقبال نے ریسکیو اسٹاف اور ریسکیو رضا کاروں کو فرسٹ ایڈ کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر عبدالجبّار کا کہنا تھا کہ اس کوایڈ کی صورت حال میں شہری گھروں میں بیٹھے ریسکیو کیڈٹ کور ایپ کے ذریعے آن لائن فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ حاصل کر سکتے ہیں۔ سیمینار کے دوران سٹیشن کوارڈینیٹر شبیر شاہ ،سید نوید شاہ اور ساجد اقبال نے ریسکیو رضا کاروں کو ہینڈز آن ٹریننگ کروائی اور ٹریننگ سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے۔ آخر میں واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔