سیالکوٹ،12ستمبر (اے پی پی): کنٹونمنٹ بورڈ سیالکوٹ کی پانچ وارڈز کے انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے جو صبح 8 بجے سے لیکر شام5 بجے تک جاری رہے گا، 27652ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جس کے لیے 22 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر کینٹونمنٹ بورڈ سیالکوٹ کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ سیالکوٹ کی آبادی 64ہزار 184 ہے اور انتخابات 2021 کیلئے پانچ وارڈز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 27652جن میں14 ہزار 294 مرداور 13ہزار 358 خواتین ووٹرز شامل ہیں، ان کیلئے 22 پولنگ سٹیشن قائم کے گئے ہیں جن میں 11 مردانہ اور 11 زنانہ پولنگ اسٹیشن ہیں، پولنگ صبح 8 بجے سے لیکر بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
ووٹرز کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے رینجرز کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔سیالکوٹ کینٹ کی پانچ وارڈز میں مسلم لیگ(ن)،پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی سمیت27امیدوار میدان میں ہیں۔