سکھر؛سیپکو عملے کے بجلی منقطع کرنے پر بجلی چوروں کی عملے پر فائرنگ،معجزانہ طور پر محفوظ رہے

30

سکھر۔13ستمبر(اے پی پی): سیپکو کی جانب سے روہڑی اور گردونواح میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے مگر آپریشن کے دوران سیپکو کے عملے کو بجلی چوروں کے خلاف کاروائی اس وقت مہنگی پڑ گئی جب لائن سپرینٹنڈنٹ عرفان قاضی کی قیادت میں عملے نے روہڑی تعلقہ کے علاقے دبر میں کرن شوگر مل کے مقام پر گیارہ ہزار کے وی کی تاروں میں سے قریبی گاؤں کو جانے والی بجلی کی تار جس کے ذریعے گاؤں میں بجلی چوری کی جارہی تھی کاٹی تو دیہاتیوں نے عملے پرفائرنگ کردی تاہم عملہ محفوظ رہا۔

 سیپکو عملے نے اس کی اطلاع اپنے اعلیٰ حکام اور پولیس کو دی مگر اطلاع ملنے کے باوجود پولیس جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی جس پر سیپکو ملازمین میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے کل واقعہ کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے رابطے پر ایکسین سیپکو روہڑی وجے کمار اور ایل ایس عرفان قاضی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پورا گاؤں بجلی چوری کررہاتھا جس پر ہم نے کاروائی کی تو دیہاتیوں نے ہم پر فائرنگ کردی جس کی اطلاع ہم نے پولیس کو دی ہے۔