خیرپور: کورونا ویکسین کے لگانے کا ہدف حاصل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایچ او تمام ٹی ایچ اوز کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں

16

خیرپور,13ستمبر(اے پی پی)ڈپٹی کمشنر راجہ طارق چانڈیو نے کورونا ویکسین کے لگانے کا ہدف حاصل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایچ او تمام ٹی ایچ اوز کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ روزانہ کی بنیاد پر ہدف حاصل کیا جائے، اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے دربار ہال میں کورونا ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی خیرپور نے کہا کہ ضلع میں روزانہ 6050 ویکسین لگانے کا ہدف ملا ہے جو حاصل نہیں ہو سکا۔ اس کے لئے تمام ٹی ایچ اوز کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی۔

 انہوں نے آٹھوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں کے کاروباری افراد کے ساتھ مل کر کام کریں ، نجی ہسپتالوں ، ہوٹلوں ، پٹرول پمپوں ، کمپنیوں ، میڈیکل سٹورز اور دکانوں کے مالکان کو خبردار کیا جائے کہ وہ اپنے پورے عملے کی ویکسینیشن کرائیں۔جبکہ ویکسینیشن نہ کرانیوالے لوگوں کو سہولیات فراہم نہ کی جائیں بصورت دیگر ان کے کاروبار سیل کر دیئے جائیں گے ، جبکہ مویشی منڈی لگانے والوں کو بھی سامان فروخت کرنے سے منع کیا گیا ہے ۔