لاہور 13 ستمبر(اے پی پی): لاہور پولیس کی جانب سے خواتین پر تشدد کے خلاف آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد سمیت ہر جرم کے سد باب کے لیے قوانین موجود ہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ قوانین پر موثر عملدرآمد کیا جائے، پراسیکیوشن سسٹم کی خامیاں دور کرنے کےلئے موثر مانیٹرنگ نظام لا رہے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں سنگین جرائم کے ملزمان کو ہر ممکن سزا دلائی جا رہی ہے۔
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پولیس کو مضبوط کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں، طویل عرصہ بعد پولیس کو نئی گاڑیاں دیں، الاؤنس بہتر کیے اور تفتیشی لاگت میں اضافہ کیا، خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنانے کے لیے ہر شہری کا کردار اہم ہے، خواتین کے خلاف جرائم میں تیز تفتیش کے لیے بنچ اور بار کا تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے حوالے سے رویوں میں تبدیلی لانے کے لیے اس طرح کے آگاہی پروگرام اشد ضرورت ہے، ویمن کرائسس سنٹرز کے دس سال کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ بہت خواتین نے وہاں انصاف کے لیے رابطہ کیا، اپر و لوئر کلاس میں ہونے والے واقعات کی رپورٹ کم ہوتی ہے انہیں حکومتی اداروں سے رابطہ کرنا چاہیے، حکومت قانون سازی اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
سیمینار میں جسٹس ریٹائرڈ ڈاکٹر ناصرہ اقبال، وزیر اعظم کے مشیر علامہ طاہر اشرفی،صوبائی وزیر آشفہ ریاض، فاطمہ چدھڑ، ڈاکٹر بشری ،خواتین اراکین اسمبلی، سی سی پی او، پولیس افسران اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔