اوکاڑہ،12ستمبر (اے پی پی): اوکاڑہ پریس کلب کے زیر اہتمام اوکاڑہ کرکٹ سٹیڈیم میں فلڈ لائٹ کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر الیون ٹیم کے کپتان ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز،ڈی پی او الیون ٹیم کے کپتان ڈی پی او فیصل شہزاد جبکہ پریس کلب الیون ٹیم کی کپتانی پریس کلب کے صدر شہباز شاہین نے کی۔اس کرکٹ میچ کے مہمان خصوصی وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی ڈاکٹر زکریہ ذاکر کے ساتھ تمام ٹیموں کاتعارف کروایا گیا اور مہمان خصوصی نے پرچی نکال کر ڈی پی او الیون اور ڈی سی الیون کے درمیان پہلا دس اوورز کا میچ شروع کرنے کا اعلان کیا۔ ڈی پی او الیون ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اسطرح اگلا دس اوورز کا فائنل میچ پریس کلب الیون اور ڈی پی او الیون کے درمیان کھیلا گیا جس میں بھی ڈی پی او نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو نا صرف فتح سے ہمکنار کیا بلکہ شائقین سے زبردست داد وصول کی۔ ڈی پی او الیون ٹیم پہلے انعام کی ٹرافی اپنے نام کی جبکہ دوسرے انعام کی ٹرافی اوکاڑہ پریس کلب الیون کے حصہ میں آئی اور فیصلہ کے مطابق ڈی سی الیون کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی ۔ڈی پی او فیصل شہزاد نے کرکٹ کے میدان میں شاندار فتح پر ملنے والی ٹرافی کو شہدائے پولیس کے نام کر دیااس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے شاندار کرکٹ میچ کے انتظامات پر اوکاڑہ پریس کلب کے صدر اور اراکین کو سراہا اور مستقبل میں بھی صحتمند سرگرمیوں کو جاری رکھنے پر زور دیا۔