مختلف صحافتی تنظیموں اور میڈیا ورکرز کی پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حق میں ریلی ، پی ایم ڈی اے کی بھر پور حمایت کا اعلان

32

اسلام آباد،13ستمبر  (اے پی پی):ملک کی مختلف صحافتی تنظیموں اور میڈیا ورکرز نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) کے حق میں پیرکو وفاقی دارالحکومت    میں ریلی نکالی اور     پی ایم ڈی اے   کی  بھر پور حمایت کا اعلان  کرتے ہوئے کہاہے  کہ    وفاقی حکومت اس بل کو جلد ازجلد منظور کرا کے  نافذ کرے ۔   پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(پروفیشنل)، جرنلسٹ جوائنٹ ایکشن کمیٹی،پاکستان سپورٹس جرنلسٹ کونسل  ، نیوز پیپرز ایڈیٹر فورم  سمیت   مختلف  صحافتی تنظیموں  کے عہدیداران  ، صحافیوں اور میڈیا ورکرز نے  ریلی میں شرکت کی    جو  ڈی چوک پہنچ کر   دھرنا میں تبدیل ہوگئی۔ ریلی کے شرکا نے بینر ز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن میں صحافیوں کے حقوق اور  پی ایم ڈی اے کے حق میں نعرے درج تھے۔

پی ایف یو جے پروفیشنل کے صدر مظہر اقبال  نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے   کہا کہ پی ایم ڈی اے کی حمایت میں ریلی اور  دھرنے کا مقصد عامل صحافیوں  اور میڈیا ورکرز  کے  حقوق اورمفادات کے  تحفظ کو یقینی  بنانا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ  طویل عرصے سے صحافیوں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔ ان کو بغیر نوٹس کے نوکریوں سے برخاست  کردیا جاتا ہے ۔ میڈیا مالکان ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ ناانصافی  کرتے رہے ہیں ، اب میڈیا ورکر جاگ چکا ہےاور اپنے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔

مظہر اقبال  نے کہا کہ شواہد کے بغیر خبر دینا جعلی خبرکے زمرے میں آ تا ہے، پاکستان کے مثبت تشخص جعلی خبروں سے خراب ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت ہم اپنی شکایات لے کر جا سکیں گے اور شکایات کا فوری طور پر ازالہ ہو سکے گا۔ اس سے قبل صحافیوں کے کیسز میں 10 سے 15 سال لگتے تھے ۔

پی ایف یو جے پروفیشنل کے صدر مظہر اقبال  نے کہا کہ کچھ میڈیا تنظیموں کی جانب سے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو متنازعہ  بنانے  کی کوشش کی جا رہی ہے ، ہم اس کو  متنازعہ نہیں  بننے دیں گے۔  ہم  میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل  کی حمایت کےلئے ہر ممکنہ کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی  کی منظوری اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ صحافیوں او ر میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ یقینی ہونے کے ساتھ ساتھ ملک میں صحت مند اور مثبت صحافت کو فروغ ملے اور جعلی خبروں تدارک ہو ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان صحافیوں کو کئی  ماہ سے تنخواہیں نہیں دے رہے اور بغیر کسی وجہ سے نوکری سے نکال رہے ہیں۔ اگر اس حوالے سے ہم کسی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں تو 10، 10 سال تک شنوائی نہیں ہوتی۔ پاکستان  میڈیا ڈویلپمنٹ  اتھارٹی بل منظور ہونے   کے بعد  کسی شکایت پر  فیصلہ 21 دن میں ہو گا، اس بل کا سن کر میڈیا مالکان اور بعض مفاد پرست عناصر کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔

 اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی زاہد مشوانی نے کہا کہ ہمارے صحافی بھائیوں پر ہمیشہ سے ظلم ہوتا رہا ہے اور ان کے حقوق غضب کئے گئے ہیں، ہمارا مقصد یہ ہے کہ   اتھارٹی کے حوالے سے جو اقدامات اٹھا رہے ہیں اس کو سپورٹ کرنا چاہئے، اس کی مخالفت نہیں کرنی چاہئے، یہ ورکنگ جرنلسٹ کے مستقبل کیلئے بہت ضروری ہے۔

 پاکستان سپورٹس جرنلسٹ کونسل کے صدرسینئر صحافی سید محمد یاسین  ہاشمی نے کہا کہ ہم پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ  اتھارٹی کی حمایت کرتے ہیں،  میڈیا کے جتنے بھی مسائل ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہئے اور جن صحافیوں کو پلاٹ نہیں ملے انہیں پلاٹ ملنے چاہئیں۔

 ریلی سے دیگر صحافتی تنظیموں کے عہدیداران اور صحافیوں  نے بھی خطاب کیا  اور پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل صحافیوں کی بہتری کیلئے بہت اہم ہے۔امید ہے کہ حکومت اس کی منظوری کےلئے ضروری اقدامات اٹھائے گی۔