اٹک ۔12ستمبر (اے پی پی):کنٹونمنٹ بورڈ اٹک کینٹ کے 2 اور کنٹونمنٹ بورڈ سنجوال کینٹ کے 1 حلقہ میں 12606 ووٹرز ہیں جن کی اکثریت نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، 15 پولنگ اسٹیشنوں پر دن بھر ووٹرز کا تانتا بندھا رہا ۔ کنٹونمنٹ بورڈ اٹک کینٹ کے وارڈ نمبر 1 سے آزاد امیدوار ملک شاہنواز غیر سرکاری ، غیر حتمی رزلٹ کے مطابق 1244 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ان کے مد مقابل امیدوار تحریک انصاف سید مہدی نقوی 1240 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ۔ اٹک کینٹ 2 وارڈ میں آزاد امیدار شکیل خان بنگش 2768 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے، ان کے مد مقابل آزاد امیدوار شہزاد احمد 1007 ووٹ حاصل کر کے ناکام رہے ۔ سنجوال کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ نمبر 1 میں آزاد امیدار ملک آفتاب رفیق 600 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے ان کے مد مقابل جماعت اسلامی کے امیدوار ضیاء الدین 364 ووٹ حاصل کر کے ناکام رہے۔ سنجوال کینٹ کی وارڈ نمبر 2سے سلمان اقبال ایڈووکیٹ بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔الیکشن کے عمل کو فعال اور پرامن رکھنے کیلئے ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ اور ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود مشترکہ طور پر کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے سلسلہ میں مختلف پولنگ اسٹیشن کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیتے رہے ۔